غلاف کعبہ کی مرمت کا کام مکمل

زکیر احمد بھٹی

شاہ عبدالعزیز کمپلیکس برائے غلاف کعبہ نے حرم مکی میں کسوہ (غلاف کعبہ) کی دیکھ بھال اور مرمت کا کام مکمل کر لیا۔

کمپلیکس کے متعلقہ شعبے کے اہل کاروں نے غلاف کی ڈوریاں کسنے اور غلاف کے بعض حصوں کو دوبارہ سینے کا کام انجام دیا۔ اس کا مقصد غلاف کعبہ کی رونق اور چمک دمک کو برقرار رکھنا ہے۔ اس کام کی انجام دہی بیت اللہ کے غلاف کی جامع دیکھ بھال اور صفائی کے حوالے سے پورے سال جاری رہنے والے معمول کے عمل کا حصہ ہے۔

غلاف کے چاروں کناروں کو حلقوں سے ثبت کردیا گیا ہے۔ غلاف کعبہ فیکٹری کے ماہرین سال کے مختلف ایام میں ایک طے شدہ جدول کے مطابق غلاف کعبہ کی مرمت و دیکھ بھال کا کام کرتے ہیں ، اس کام کیلئے حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس کی ہدایت پر جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جاتا ہے۔انتظامیہ نے کہا ہے کہ حرم شریف کو کورونا وائرس سے پاک رکھنے کیلئے غلاف کعبہ کی مرمت سے پہلے ماہرین کا معائنہ کیا گیا اور تمام آلات کو جراثیم سے پاک کیا گیا۔

حرمین انتظامی امور کی ذمے دار جنرل پریزیڈینسی نے کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کیلئے مسجد الحرام کے داخلی دروازوں کے ساتھ ازخود تطہیری عمل کے گیٹ نصب کردیئے ہیں۔ اب مسجد الحرام کے صحن میں داخل ہونے والے کسی بھی شخص کو پہلے گیٹ سے گزرنا ہوگا، وہاں اس پر جراثیم کش اسپرے کیا جائے گا۔ مسجد الحرام میں دروازوں کی تنصیب سے صرف ایک ہفتہ پہلے تھرمل کیمرے نصب کئے گئے تھے۔ یہ کیمرے بیک وقت 25 افراد کے جسمانی درجہ حرارت کی پیمائش کرسکتے ہیں۔ یہ کیمرے بھی مسجد الحرام کے داخلی دروازوں پر نصب کئے گئے ہیں۔ اس ماہ کے اوائل میں مدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں بھی اسی طرح کے تھرمل کیمرے نصب کئے گئے تھے۔

ٹرینڈنگ

مینو