سعودیہ : ایک ہزار مقامی افراد کو حج کی اجازت

زکیر احمد بھٹی

اس بار حج صرف سعودی عرب میں مقیم ایک ہزار افراد کرسکیں گے، بیرون ملک سے لوگوں کو حج کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ 

سعودی عرب نے حج پالیسی کا اعلان کردیا، وزارت حج کے مطابق اس بار حج کے شرکا کی تعداد محدود رکھی جائے گی اور سعودی عرب میں مقیم مختلف قومیتوں کے افراد کو ہی سعادت حاصل کرنے کی اجازت ہوگی۔ یہ فیصلہ کورونا وبا کے باعث کیا گیا ہے اور ایس او پیز کے تحت دوران حج بھی تمام افراد سماجی فاصلہ برقرار رکھیں گے۔

سعودی وزیر حج نے بتایا کہ صرف ایک ہزار افراد کو حج کی اجازت دی جائے گی، ہوسکتا ہے یہ تعداد کچھ بڑھا دی جائے یا کم کردی جائے البتہ ہزاروں افراد اس سال حج نہیں کرسکیں گے۔

گزشتہ سال تقریبا 25 لاکھ افراد نے حج کیا تھا لیکن اس بار انڈونیشیا ، ملائیشیا ، سینیگال اور سنگاپور پہلے ہی اپنے شہریوں کو حج کیلئے نہ بھیجنے کا اعلان کرچکے ہیں۔

سعودی عرب نے فروری میں عمرے پر پابندی لگائی تھی جبکہ خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کو بھی کئی روز بند بند رکھنے کے بعد کھولا گیا ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو