آرمی چیف نے جنگی تیاریاں بڑھانے کی ہدایت کردی

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے علاقائی صورتحال کے پیش نظر جنگی تیاریاں بڑھانے کی ہدایت کردی۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے ٹوئٹ میں بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں خطے کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا کانفرنس میں علاقے میں ہونے والی پیش رفت اور کنٹرول لائن کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، عسکری قیادت نے لائن آف کنٹرول پر صورتحال اور آپریشنل ڈیپلائمنٹ کا جائزہ لیا۔

آرمی چیف نے کانفرنس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر ملک کے اہم مفادات کے خلاف ہائبرڈ وار فیئر میں ملوث ہیں، اس سلسلے میں حکومتی پالیسی کے مطابق اقدامات کئے جائیں، علاقے کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھ کر جنگی تیاریوں کو بڑھانا ہوگا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں مقبوضہ جموں وکشمیر اور افغانستان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کور کمانڈرز نے داخلی سیکیورٹی کی بہتر صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ آرمی چیف نے محرم الحرام میں سول انتظامیہ کی مدد کیلئے فارمیشنز کی کارکردگی کو سراہا۔

ٹرینڈنگ

مینو