جسٹس عیسیٰ دھمکی: مولوی افتخار کو نوٹس

سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو دھمکی آمیز ویڈیو کے کیس میں مولوی آغا افتخار الدین مرزا کو نوٹس جاری کردیا۔

چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے از خود نوٹس  کیس کی سماعت کی،  چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے پوچھا یہ کیا ہورہا ہے ؟ اٹارنی جنرل بولے جج کی اہلیہ نے تھانے میں درخواست دی تھی، پولیس نے معاملہ ایف آئی اے کو بھیجا اور اب الیکٹرانک کرائم کے تحت کارروائی ہورہی ہے۔

جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ ایف آئی اے کچھ نہیں کررہا ، اسے کچھ کرنا بھی نہیں آتا ، اس کے پاس ججز کے دیگر معاملات بھی ہیں ، جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ جج کا نام تضحیک آمیز انداز سے لیا گیا، متعلقہ ادارے نے ایکشن تاخیر سے کیوں لیا؟

عدالت نے مولوی افتخار الدین مرزا کو نوٹس جاری کئے اور ڈی جی ایف آئی اے کو بھی 2 جولائی کو طلب کرکے سماعت ملتوی کردی۔

ٹرینڈنگ

مینو