نوازشریف کی احتساب عدالت طلبی چیلنج

محمد عثمان، اسلام آباد

نون لیگ کے قائد میاں محمد نوازشریف نے توشہ خانہ ریفرنس میں وارنٹ گرفتاری اور اشتہاری قرار دینے کی کارروائی اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردی۔

سابق وزیراعظم نے بیرسٹر جہانگیر جدون کے ذریعے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ احتساب عدالت کی کارروائی اور طلبی کا اشتہار جاری کرنے کا حکم کالعدم قرار دیا جائے، نوازشریف نے موقف اختیار کیا کہ نیب انھیں اور ان کے اہلخانہ کو بلاجواز نشانہ بنا رہا ہے۔

درخواست گزار نے کہا کہ نیب ٹارگٹ کرکے اپوزیشن کی آواز کو دبانا چاہتا ہے، نواز شریف کے مطابق وہ مفرور نہیں بلکہ ضمانت کی منظوری کے بعد بیرون ملک گئے ہیں، ان کا بیرون ملک علاج ہورہا ہے ، ان کے نمائندے کے ذریعے مقدمے کا سامنا کرنے کی اجازت دی جائے، یورپین یونین اور ہیومن رائٹس واچ بھی نیب کی بے بنیاد کاروائیوں کو غیر قانونی قرار دے چکی ہے۔

احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں 11 جون کو نوازشریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے، انھیں 17 اگست کو طلب کیا گیا اور اس کیلئے اشتہار بھی جاری کیا گیا۔ اس اشتہار میں کہا گیا تھا کہ نوازشریف جان بوجھ کرعدالتی کارروائی سے مفرور ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو