کورونا کے بچوں پراثرات کم، صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اپنی ہی ٹیم سے اختلاف بڑھ گئے ، وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے اسکول کھولنے کے معاملے پر احتیاط کی تجویز دی تو صدر ٹرمپ نے ان کا بیان ناقابل قبول قرار دے دیا۔

صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایک اور بڑا دعویٰ کردیا ، کہتے ہیں کورونا وائرس کے بچوں پر اثرات بہت کم ہوتے ہیں ، امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انھیں ڈاکٹر فاؤچی کے موقف سے اختلاف ہے ، اسکول کھلنے چاہئیں۔ انھیں حیرت ہوئی جب ڈاکٹر فاوچی نے کاروبار اور اسکول کھولنے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا۔

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف الرجی اینڈ انفیکشیس ڈیزیزز کے سربراہ ڈاکٹر فاوچی نے کورونا ریسپانس سے متعلق سینیٹ کمیٹی میں بتایا تھا کہ کسی کو بھی وائرس کے بارے میں مکمل معلومات نہیں ، اداروں کو محتاط رہنا چاہئے خاص طور پر اس وقت جب فیصلہ بچوں سے متعلق ہو۔ بچوں میں کورونا وائرس سے ملتی جلتی علامات دیکھی جارہی ہیں، ڈاکٹر فاؤچی کا اشارہ کاوساکی بیماری کی طرف تھا جس میں خون کی رگیں سوج جاتی ہیں۔

اگرچہ ڈاکٹر فاوچی نے اسکول کھولنے کی کھل کر مخالفت نہیں کی لیکن ان کا کہنا تھا کہ صورتحال دیکھنی چاہئے، اس بات کا جائزہ لینا چاہئے کہ ہم وبا کے دور میں اس وقت کس مقام پر ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو