امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے، دونوں نے خود کو قرنطینہ کرکے تمام مصروفیات منسوخ کر دی ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی مشیر ہوپ ہکس میں وائرس کی تشخیص کے بعد اب صدر اور خاتون اول کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، ہوپ نے صدر کے ساتھ ایک ہفتہ پہلے طیارے میں سفر کیا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ٹوئٹ کرکے اہلیہ سمیت کورونا سے متاثر ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
Tonight, @FLOTUS and I tested positive for COVID-19. We will begin our quarantine and recovery process immediately. We will get through this TOGETHER!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) October 2, 2020
Hope Hicks, who has been working so hard without even taking a small break, has just tested positive for Covid 19. Terrible! The First Lady and I are waiting for our test results. In the meantime, we will begin our quarantine process!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) October 2, 2020
صدر ٹرمپ نے انٹرویو میں بتایا کہ وہ اور میلانیا ہوپ کے ساتھ بہت زیادہ ملتے رہے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق منی سوٹا سے واپسی پر ہوپ ہکس میں کورونا علامات ظاہر ہوئی تھیں۔

میلانیا ٹرمپ نے بھی ٹوئٹ کیا ہے اور بتایا کہ وہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ قرنطینہ ہوگئی ہیں، دونوں کی صحت بہتر ہے۔
As too many Americans have done this year, @potus & I are quarantining at home after testing positive for COVID-19. We are feeling good & I have postponed all upcoming engagements. Please be sure you are staying safe & we will all get through this together.
— Melania Trump (@FLOTUS) October 2, 2020
وائٹ ہاوس سے جاری بیان کے مطابق 74 برس کے صدر ٹرمپ اور میلانیا کی طبیعت اس وقت بہتر ہے، ذرائع کے مطابق اگر صدر ٹرمپ کی طبیعت زیادہ خراب ہوتی ہے تو نائب صدر مائیک پینس عارضی طور پر اختیارات سنبھال سکتے ہیں۔

امریکا میں صدارتی الیکشن 3 نومبر کو ہورہے ہیں ، اس اہم وقت پر صدر کی طبیعت خراب ہونے اور مصروفیات منسوخ کئے جانے سے ری پبلکن ارکان تشویش میں مبتلا ہیں۔

صدر ٹرمپ ، میلانیا اور ہوپ ہکس سے پہلے وائٹ ہاوس کے کئی عہدیدار کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں ، اسی لئے امریکی صدر کی رہائش گاہ میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔