الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم لانے کا اعلان

وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کی دعوت دیتے ہوئے ملک میں الیکٹرانک ووٹنگ لانے کا اعلان کردیا۔

عمران خان نے سرکاری ٹی وی پر قوم سے اظہار خیال کیا اور انتخابی اصلاحات پر اعتماد میں لیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کا وعدہ پورا کریں گے، جی بی انتخابات میں پی ٹی آئی پر اعتماد کا اظہار کرنے کیلئے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی وجہ سے کرکٹ میں نیوٹرل امپائر آئے، ان کی کوشش ہے کہ  پاکستان میں الیکشن کا ایسا ماحول ہو کہ جو ہارے وہ شکست تسلیم کرے۔ 2018 کے الیکشن میں دھاندلی نہیں ہوئی، الیکشن کے بعد پہلے دن کہا تھا کہ ہر طرح کی تحقیقات کے لئے تیار ہیں۔

عمران خان نے الیکٹرونک ووٹنگ سسٹم لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایک کمیٹی کام کررہی ہے جس میں اعظم سواتی، پرویز خٹک، بابر اعوان اور شفقت محمود شامل ہیں، دو چیزیں پارلیمنٹ سے منظور کرائیں گے جس میں سے ایک الیکٹرانک ووٹنگ ہے، اب الیکشن میں ماڈرن ٹیکنالوجی کا استعمال ہوگا، اس بارے میں الیکشن کمیشن سے بات ہورہی ہے اور ای ووٹنگ کیلئے نادرا سے ڈیٹا لیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے بھی ایک سسٹم لارہے ہیں جس کے بعد وہ الیکشن میں ووٹ ڈال سکیں گے۔ انہوں نے تیسری ریفارم کے بارے میں بتایا کہ سب کہتے ہیں سینیٹ الیکشن میں پیسہ خرچ ہوتا ہے، اسے شفاف بنانے کے لئے سسٹم لے کر آ رہے ہیں، حالانکہ کوئی بھی برسراقتدار حکومت ایسی اصلاحات نہیں لاسکتی۔

عمران خان نے کہا کہ تیسری ریفارم کیلئے آئینی ترمیم کرنی ہوگی جس کیلئے دو تہائی اکثریت درکار ہوگی، سینیٹ الیکشن میں شو آف ہینڈز (ہاتھ کھڑا کرکے ووٹنگ) کیلئے پارلیمنٹ میں آئینی ترمیم کا بل پیش کریں گے کیونکہ خفیہ بیلٹنگ میں ووٹوں کی خرید و فروخت ہوتی ہے ، اب باقی سیاسی جماعتوں پر ہے کہ وہ اس کی حمایت کریں گی یا نہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو