انگلینڈ نے پاکستان کو پہلا ٹیسٹ ہرادیا،ویڈیوز

انگلینڈ نے مانچسٹر ٹیسٹ میں پاکستان کو 3 وکٹوں سے ہرادیا۔ میزبان ٹیم کو 3 میچز کی سیریز میں 1 صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

انگلینڈ کی دوسری اننگز شروع ہوئی تو اوپنر روری برنس کو محمد عباس نے 10 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا، دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ڈوم سبلے تھے جنھوں نے 36 رنز بنائے اور یاسر شاہ کا شکار بنے۔

جوئے روٹ 42 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر کیچ دے بیٹھے، یاسر شاہ نے بین اسٹوکس کو 9 اور شاہین آفریدی نے اولی پوپ کو 7 رنز پر پویلین بھیجا، اس کے بعد جوز بٹلر اور کرس ووکس نے 139 رنز کی پارٹنر شپ کے ذریعے قومی ٹیم کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، جوز بٹلر 75 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، اسٹیورٹ براڈ 7 رنز بنا کر یاسر شاہ کے شکار بنے۔ کرس ووکس 84 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، اور انگلینڈ نے 277 رنز کا ہدف 7 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔

اس سے پہلے دوسری اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح فلاپ رہی ، چوتھے دن پاکستان نے اپنی اننگز 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز سے شروع کی۔

یاسر شاہ 33 اور نسیم شاہ 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ محمد عباس 3 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم 169 رنز پر ڈھیر ہوئی۔

انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ نے 3 ، کرس ووکس اور بین اسٹوکس نے 2 ، 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جوفرا آرچر اور ڈوم بیس ایک ایک وکٹ لے سکے۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں 326رنز بنائے تھے ، شان مسعود 156 اور بابر اعظم 69 رنز بنا کر نمایاں رہے، جواب میں انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 219 رنز بناسکی تھی اور پاکستان کو پہلی اننگز میں 107 رنز کی برتری حاصل تھی۔

ٹرینڈنگ

مینو