زارا عابد کی شارٹ فلم سکہ دیکھیں

محسن رضا

کراچی طیارہ حادثے میں جاں بحق ماڈل اور اداکارہ زارا عابد کی شارٹ فلم سکہ ریلیز کردی گئی، اس کے مصنف اور ہدایت کار احمد سریام ہیں، آواز صبا قمر کی ہے۔ مختصر دورانیئے کی فلم میں احمد طحہ غنی ، ہاشم نواز ، سعد ندیم اور حیدر شہاب نے بھی کردار ادا کیا ہے۔  

فلم میں سکے کی طرح زندگی کے بھی دو رخ دکھائے گئے ہیں اور بتایا گیا ہے کہ خود کو کھو کر پانے کا نام زندگی ہے۔

زارا عابد پی آئی اے کے اس بدقسمت طیارے میں سوار تھیں جو لاہور سے کراچی آرہا تھا اور ماڈل کالونی میں گر کر تباہ ہوگیا۔

زارا کو اداکاری کا شوق تھا اور انھوں نے عظیم سجاد کی فلم چوہدری میں کام کیا تھا ، وہ مزید فلموں میں کام کرنا چاہتی تھیں لیکن انھیں ماڈلنگ سے فرصت ہی نہیں مل پاتی تھی۔

پاکستان کی سپر ماڈل لاہور میں پیدا ہوئی تھیں لیکن کراچی میں پلی بڑھیں۔

زارا عابد کہتی تھیں سانولی رنگت کی حامل لڑکیوں کو کمتری کا شکار نہیں ہونا چاہئے اور انھیں معاشرے میں آگے بڑھنے کا موقع دیا جانا چاہئے۔

زارا فیشن برانڈ ثنا سفیناز ، وجاہت منصور ، انص ابرار ، ظہیر عباس ، دیپک اینڈ فرہاد ، الکرم ، گل احمد ، کیسریا ، دھنک اور کتنے ہی دیگر معروف ڈیزائنرز کے ملبوسات زیب تن کرتی رہی تھیں۔

انھیں اسی سال ہم اسٹائل ایوارڈز میں بیسٹ ماڈل فی میل کا اعزاز دیا گیا تھا۔

انسٹاگرام پر زارا عابد کی 80 ہزار فالوانگ تھی ، طیارہ حادثے کے بعد سے ان کے مداح اداس ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو